قال رسول الله ﷺ: "عَلَيْكُمْ بِالْجَمَاعَةِ وَإِيَّاكُمْ وَالْفُرْقَةَ ... مَنْ أَرَادَ بُحْبُوحَةَ الْجَنَّةِ فَلْيَلْزَمْ الْجَمَاعَةَ".

[سنن الترمذی: ٢١٦٥، وصححه الألباني]

۱۹؍ جمادی الأولیٰ ۱۴۴۶ ھ

إعلان هام:
مجلة الجماعة
ملصقات برنامج الدعوة
أحدث الفيديوهات
الزائرون   : 0

أخبار الجمعية

جمعیت کی دعوتی و تعلیمی سرگرمیاں

صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی شہر ممبئی ، تھانہ اور دیار کوکن میں جماعت اہل حدیث کی نمائندہ تنظیم ہے ۔ تنظیمی سرگرمیوں اور دعوتی جدوجہد کے حوالہ سے صوبائی جمعیت ملک بھر میں معروف ہے ،حسب سابق گزشتہ مہینوں بھی اجتماعات کا سلسلہ جاری رہا۔ اور متعدد مقامات پر ان کا انعقاد ہوا۔

صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کے ذمہ داران وقابل احترام دعاۃ ممبئی کی مختلف مساجد کی جانب سے دعوت پر دروس اور اجتماعات میں شرکت کرتے رہےہیںاور موقع بموقع بیرون صوبہ بھی دعوتی پروگراموں میں شریک ہوئے ہیں۔فللہ الحمد. 1؍مئی 2023ء موضع کمہریا ،پوسٹ خانکوٹ سمری ،ضلع سدھارتھ نگر یوپی کے اجلاس عام اور مدرسہ خدیجۃ الکبری کے افتتاحی پروگرام میں امیر محترم فضیلۃ الشیخ عبد السلام سلفی؍حفظہ اللہ نے شرکت کی اور عوام الناس سے خطاب فرمایا۔

دو روزہ عظیم الشان تعلیمی مظاہرہ ودستار بندی حفاظ کرام منعقدہ 13-14؍مئی 2023 ء بروز سنیچر،اتوار ،زیر اہتمام مسجد اہل حدیث مومن پورہ،بائیکلہ ممبئی بمقام شمیم پیلیس ہال، مومن پورہ میں امیر محترم شیخ عبد السلام سلفی؍ حفظہ اللہ نے صدارت کے فرائض انجام دیئے اور عوام الناس وحفاظ کرام کو قرآن مجید کے حفظ اور اس پر عمل کے متعلق اہم نصیحتیں کیں۔

ضلعی جمعیت اہل حدیث کلیان کے زیر سرپرستی ،الحکمۃ سلفی ایجوکیشنل اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام سہارا نگر، بنیلی گائوں،ٹٹوالا میں بتاریخ 19؍مئی 2023ء بروز جمعہ ،بعد نماز مغرب دعوتی واصلاحی پروگرام میں امیر محترم شیخ عبد السلام سلفی؍ حفظہ اللہ بحیثیت صدر اجلاس شریک ہوئے اور عوام الناس سے خطاب کیا نیز صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کے داعی وباحث شیخ عنایت اللہ، سنابلی ،مدنی ؍حفظہ اللہ نے بھی پر مغز خطاب کیا۔

26؍مئی 2023 ء بروز جمعہ مسجد اہل حدیث کاشی میرا کے حج تربیتی پروگرام میں شیخ عنایت اللہ سنابلی مدنی؍حفظہ اللہ نے حج کا عملی مشق کرایا اور حج کی اہمیت پر مدلل خطاب کیا ۔

28؍مئی 2023 ء بروز اتوار اورنگ آباد کے ایک اہم دینی واصلاحی پروگرام میں شیخ عنایت اللہ سنابلی مدنی؍حفظہ اللہ نے شرکت کی اور عوام الناس سے خطاب کیا ۔

اسی طرح مسجد اہل حدیث حسن و مسجد اہل حدیث سیلیش نگر، ممبرا، مسجد اہل حدیث کاشی میرا ،مسجد اہل حدیث مومن پورہ بائیکلہ ممبئی میں شیخ عنایت اللہ سنابلی مدنی؍حفظہ اللہ کے ہفتہ واری وپندرہ روزہ دروس ’’جدید مناہج کی حقیقت‘‘ و ’’اتباع سنت کے متعلق اقوال سلف‘‘ جیسی اہم کتابوں کے متعلق جاری وساری ہیں ۔

شیخ سرفراز فیضی؍حفظہ اللہ (داعی صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی)نے 14-15 مئی 2023ء میں سونس،کھیڈ رتنا گیری کے بعض علاقوں میں مختلف دعوتی پروگراموں میں شرکت کی اور خصوصی خطاب فرمایا نیز سیتا پھل واڑی ممبئی کے دعوتی پروگرام میں شرکت کی ۔اسی طرح 25 تا 29 مئی یوپی کے بعض اضلاع سدھارتھ نگر،اعظم گڑھ ، مئو وغیرہ میں دعوتی فرائض انجام دیئے۔ نیز ہلائی گھانچی جماعت خانہ پائی دھونی ممبئی میں آپ کا ہفتہ واری درس ’’سیرت خلفائے راشدین ‘‘کے موضوع پر جاری وساری ہے۔

شیخ فیض الرحمن رحمانی(داعی صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی) نے 3؍مئی 2023 ء بروز بدھ رحمانیہ اسلامک انگلش اسکول، گوونڈی ممبئی کے سالانہ اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور طلبہ و عوام سے خطاب کیا۔

29؍مئی 2023 ء بروز پیر بعد نماز عشاء مسجد اہلحدیث کمہار واڑہ ،مسلم نگر ،دھارای ممبئی کے پندرہ روزہ درس میں’’ ارتداد‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا ۔

5؍جون 2023ء بروز اتوارصبح 11 بجے مسجد اہل حدیث کپاڈیہ نگر کرلاکی ایک تعلیمی مشاورتی میٹنگ میں امیر محترم شیخ عبد السلام سلفی؍ حفظہ اللہ اور صوبائی جمعیت کے داعی وباحث شیخ عنایت اللہ سنابلی ،مدنی حفظہ اللہ نے شرکت کی ۔اوربعد نماز عصر مسجد اہل حدیث گلشن نگر،جوگیشوری کے دوسرے حج تربیتی پروگرام میں شیخ عنایت اللہ سنابلی ،مدنی؍حفظہ اللہ نے مناسک حج کے متعلق اہم نصیحتیں کیں۔

اسی دن بعد نماز مغرب امیر محترم شیخ عبد السلام سلفی ؍حفظہ اللہ نے مسجد خالد بن عبد الرحمن ،ٹیمکر محلہ ،بائیکلہ ممبئی میں" ارتداد وانحراف سے بچنے کی صورتیں "جیسے حساس موضوع پر اہم خطاب کیا ۔

11-10؍جون2023ءبروز سنیچر، اتوار ندوۃ السنہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی ،اٹوا بازار ،سدھارتھ نگر ،یوپی کے زیر اہتمام ایم جی فن سٹی واٹر پارک اینڈ ریجورٹ لکھنو یوپی میں ایک اہم سیمینار بعنوان ’’دفاع نبوی اسالیب ووسائل‘‘ منعقد ہوا جس میں امیر محترم شیخ عبد السلام سلفی؍ حفظہ اللہ نے 11؍جون کے پہلے سیشن کی صدارت فرمائی اور ’’نبیﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کا انجام ‘‘کے موضوع پر بصیرت افروزخطاب فرمایا۔

11؍جون 2023 ء بروز اتوار جمعیت اہل حدیث رائیدرگ، آندھرا پردیش کے زیر اہتمام ایک اہم دعوتی پروگرام میں شیخ عنایت اللہ سنابلی مدنی ؍حفظہ اللہ (داعی وباحث صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی )نے شرکت کی اور ’’عقیدہ کی گمراہیاں اور خواتین‘‘ جیسے اہم موضوع پر اہم خطاب پیش کیا جس سے عوام کے ساتھ ساتھ جامعہ محمدیہ رائیدرگ کے مخصوص اساتذہ وطلبہ نے بھی استفادہ کیا ۔

؍جون2023ء زیرِ سرپرستی: ضلعی جمعیت اہل حدیث، کلیان الحکمۃ سلفی ایجوکیشنل اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام دعوتی و اصلاحی پروگرام بنام( جنازہ ورکشاپ ) کتاب وسنت کی روشنی میں بمقام مسجد ومدرسہ اصلاح المسلمین اہل حدیث، سنجے گاندھی نگر۔الہاس نگر-3منعقد ہوا۔ جس میںفضیلۃ الشیخ عنایت اللہ سنابلی مدنی؍ حفظہ اللہ تعالیٰ(داعی وباحث صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی) نے مرد وخواتین کے مرض الموت کے مسائل کے ساتھ، تجہیز وتکفین، نماز جنازہ اور تدفین کی وضاحت مع عملی مشق کیا ۔

18-17-16؍جون 2023 ء کو شیخ سرفراز فیضی؍حفظہ اللہ (داعی صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی) نے حیدرآباد ،تلنگانہ کے بعض علاقے میں دعوتی اصلاحی پروگراموں میںشریک ہوکر اہم موضوعات پر عوام الناس سے خطاب کیا ۔

اسی طرح 21؍جون 2023ء بروز بدھ مکرانہ، راجستھان کے ایک اہم دعوتی پروگرام میں صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کے داعی شیخ سرفراز فیضی؍ حفظہ اللہ نے شرکت کی اور بہت ہی اہم موضوع ’’مثالی بیوی اور مثالی شوہر‘‘ پر بہت ہی اہم خطاب کیا۔ جس سے خواتین وحضرات نے بھر پور استفادہ کیا ۔

6 ؍جولائی 2023 ء بروز جمعرات بعد نماز عشاء مسجد اہل حدیث اقصیٰ ،چیتا کیمپ ٹرامبے ،ممبئی میں شیخ عنایت اللہ مدنی؍ حفظہ اللہ (داعی وباحث صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی ) نے شرح حدیث جبرئیل پر علمی درس پیش کیا جس سے نوجوانان چیتا کیمپ وعوام نے بھر پور استفادہ کیا ۔واضح ہو یہ درس 22؍جون جمعرات سے شروع ہوا ہے جو ہر جمعرات کو منعقد ہوتاہے ۔

4؍جولائی بروز منگل ہلائی گھانچی جماعت خانہ پائیدھونی ممبئی میں شیخ سرفراز فیضی ؍حفظہ اللہ(داعی صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی ) کا ہفتہ واری درس ’’خلفائے راشدین‘‘سیریز منعقد ہو ا جس سے خواتین حضرات نے بھر پور فائدہ اٹھایا، واضح ہو یہ درس ہر منگل کو رات 11 بجے اسی جگہ منعقد ہوتا ہے جس سے نوجوانان اور کاروباری ودوکاندار افراد زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاتے ہیں ۔الحمدللہ

3؍جولائی 2023ء بروز پیر بعد نماز عشاء مسجد اہل حدیث کمہار واڑہ ،مسلم نگر ،دھاراوی ممبئی کے پندرہ روزہ درس میں ’’احسان معنی اہمیت و افادیت ‘‘پر شیخ فیض الرحمن رحمانی (داعی صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی ) نے بہت اہم خطاب پیش کیا جس سے مصلیان مسجد کی کثیر تعداد نے استفادہ کیا۔

8؍جولائی 2023 ء بروز سنیچر بعد نماز عشاء مسجد اہل حدیث آزاد نگر ،گھاٹکوپر ممبئی میں شیخ فیض الرحمن رحمانی(داعی صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی ) عظمت صحابہ کے موضوع پر بہت ہی اہم درس پیش کیاجس سے عوام نے خوب فائدہ اٹھایا۔

ان دعوتی سرگرمیوں کے علاوے کئی سماجی ودینی مسائل کا قرآن وسنت کی روشنی میںبلا تفریق مذہب وملت بہترین حل پیش کیا گیا ،نیز علمائے جماعت، مدارس وجامعات کی لائبریریوں کے لیے جمعیت کی جدید اور نہایت ہی اہم مطبوعات ہدیۃً پیش کی گئیں ۔ اسی طرح کچھ اہم مطبوعات کی پی ڈی ایف فائل بناکر شوشل میڈیا پر اپلوڈ کا کام جاری ہے۔ خاص طورپر امیر محترم شیخ عبدالسلام سلفی ؍حفظہ اللہ و شیخ عنایت اللہ مدنی؍حفظہ اللہ کے خطبات جمعہ کی آڈیو کلپ اور متعدد مناسبتوں پر ، اہم موضوعات پر مفید ویڈیو زتسلسل کے ساتھ آتے رہتے ہیں اور شوشل میڈیا پر اپلوڈ کئے جاتے ہیں، جس سے کثیر تعداد میں لوگ استفادہ کررہےہیں۔

ابھی جلد ہی ماہ اگست میں ایک عظیم الشان تعلیمی انعامی مسابقہ کا (جس کی تفصیل آئندہ شماروں میں پیش خدمت ہوگی) صوبائی جمعیت کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے جو جامعات ومدارس کے طلباء و متعلمین کی علمی صلاحیت کو اجاگرکرنے اور ان کی ہمت افزائی کے لیے ایک بہترین اور مفید کاوش ہے ۔

ضلعی جمعیت اہل حدیث پال گھر کی دعوتی و تعلیمی سرگرمیاں :

ضلعی جمعیت اہل حدیث جماعت کی ایک فعال اکائی ہے جو پورے ضلع پال گھر میں بساط بھر میدان دعوت و تعلیم میں سرگرم عمل ہے، ماہ مئی جون وجولائی کی تازہ سرگرمیاں درج ذیل ہیں:

l ضلع میں پائے جانے والے مدارس ومکاتب اسلامیہ کے تعلیمی استحکام کے لئے متعدد تربیتی اجتماعات زیر صدارت امیر ضلعی جمعیت اہل حدیث پال گھر شیخ عبدالحکیم عبدالمعبود المدنی؍ حفظہ اللہ منعقد ہوئے۔

پہلا اجتماع 30؍مئی 2023ء مدرسہ ومسجد تقویٰ مقابل شالیمار ہوٹل وسئی، دوسرا اجتماع 6؍جون 2023ء مدرسہ ومسجد نور الاسلام سنتوش بھون اور تیسرا اجتماع مسجد قباء کراری فٹنس نالا سوپارہ ویسٹ بتاریخ 13؍جون 2023ء منعقد ہوا۔جس میں ضلع کے متعدد ذمہ داران و ائمہ مساجد و علمائے کرام نے شرکت کی اور یہ بہت ہی کامیاب اجتماع رہا۔

l ضلعی جمعیت پال گھر کی جانب سے بتاریخ 11؍جون 2023ء ایک عظیم الشان اجتماع زیر صدارت شیخ عبدالحکیم عبدالمعبود مدنی بمقام مدرسہ ومسجد الفاروق وسئی پھاٹا منعقد ہوا۔ جس میں شیخ فیصل مدنی ممبرا اور شفیق الرحمن سنابلی حفظہما اللہ نے علمی خطاب کیا، پروگرام کی نظامت شیخ قمر الدین صفوی اور شیخ فاروق عمری حفظہما اللہ نے کی۔

l ماہانہ اجتماع کی شکل میں ضلعی جمعیت کے زیر نگرانی ایک اہم اجتماع شیخ عبدالحکیم مدنی حفظہ اللہ کی صدارت میں جامع مسجد اہل حدیث دھانوباغ، نالا سوپارہ بتاریخ 24؍جون 2023ء منعقد ہوا جس میں شیخ عبدالجبار سلفی اور مولانا معراج احمد رحمانی کے خطابات ہوئے، پروگرام کی نظامت مولانا رفیع الدین عالیاوی نے کی۔

اس طرح کے متعدد پروگرام پورے ضلع پال گھر میں جاری ہیں اللہ مزید توفیق عطا فرمائے۔(آمین)

(ادارہ)

جمعیت کی کارکردگی کے کچھ نمایاں پہلو

صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کے شعبہ نشر واشاعت کی طرف سے ہر سال رمضان المبارک کے موقع پرکئی کتابیں ایک ساتھ شائع ہوتی ہیں۔ وقتا فوقتا بیچ سال میں بھی کچھ کتابیں طبع ہوکر منظر عام پر آجاتی ہیں۔الحمد للہ

سال نو کی مطبوعات :

(۱)جدید مناہج کی حقیقت (۲) طالب ِ علم کا زیور (۳)خلیفۂ راشد عثمان غنیt کی زندگی کے آخری ایام (۴) علمی و دعوتی خیانت اور فکر وتحریر پر اس کے اثرات (۵) اسلامی سماج ایک آدرش سماج (ہندی)۔

یہ ساری کتابیں جمعیت آفس کی زیارت کرنے والے اہل علم کو ہدیتاً پیش کی جاتی ہیں۔ نیز ہر سال منعقد ہونے والے تربیتی اجتماع(دورہ تدریبیہ) کے محاضرین ومشارکین کو بھی تحفے میں دی جاتی ہیں۔

شہر ممبئی میں جو ادارے ہیں وقتا فوقتا انھیں بھی یہ کتابیں علمی تعاون کے طور پر دی جاتی ہیں۔ اس سال (۲۰۲۳) میں جن اداروں کوخصوصیت سے بڑی تعداد میں صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کی مطبوعات دی گئیں اس کی مختصر تفصیل پیش ہے:

◈ جامعہ رحمانیہ کاندیولی ممبئی:

جامعہ رحمانیہ کاندیولی کا سالانہ پروگرام ختم صحیحین اس سال فروری ۲۰۲۳ میں منعقد ہوا۔مولانا الطاف حسین فیضی صاحب کی درخواست پر حسب روایت فارغین طلبہ کو مندرجہ ذیل کتابیں دی گئیں:

(۱)اتباع سنت یا تقلید مذاہب ایک لمحہ فکریہ(۲)خانہ ساز شریعت(۳)صیام رمضان مختصر احکام ومسائل(۴)صحیح عقائد کی طرف رہنمائی(۵)فتنوں سے نجات(۶)علماء کے حقوق (۷)عورتوں کا حق وراثت اور جدید جاہلیت(۸)بدعات کی پہچان(۹)منہج سلف کا تحقیقی جائزہ۔

مندرجہ بالا ان نوکتابوں (دس دس عدد) کے علاوہ تفسیر احسن البیان (ایک باکس۔بیس عدد)اور مرکز الدعوۃ الخیریۃ کا ایک کتابچہـ’قسم اور حلف‘ کے دس نسخے بھی دیے گئے۔

◈ جامعۃ التوحید بھیونڈی:

امیر شہری جمعیت اہل حدیث بھیونڈی جناب عبدالحمید خان کی درخواست پر جامعۃ التوحید بھیونڈی کے طلبہ کے لیے درج ذیل کتابیں دی گئیں :

(۱)حافظ صلاح الدین یوسف: حیات وخدمات (۲)مقالات ومضامین(۳)صحیح عقائد کی طرف رہنمائی (۴)سلفی دعوت کے اصول(۵)منہج حق کی وضاحت(۶)رقیہ مروجہ(۷)امت محمدیہ کے فضائل(۸)احکام نکاح۔

◈ مرکز ندوۃ الصفہ گوونڈی:

مرکز ندوۃ الصفہ گوونڈی کے زیر اہتمام چلنے والے دورہ شرعیہ کورس کے مستفیدین طلبہ کو بطور ہدیہ دینے کے لیے مدیر مرکز کی درخواست پر جو کتابیں دی گئیں وہ درج ذیل ہیں:

(۱)اتباع سنت یا تقلید مذاہب ایک لمحہ فکریہ(۲)مسئلہ تکفیر(۳)داڑھی اسلامی فریضہ اور مرد مومن کا شعار(۴)صیام رمضان مختصر احکام ومسائل(۵)منہج فتویٰ(۶)خوارج اور ان کے اوصاف(۷)مختصر مسائل زکوٰۃ(۸)اسالیب دعوت (۹)جماعت اہل حدیث پر الزامات کا جائزہ

مندرجہ بالا ان نوکتابوں (بیس بیس عدد) کے علاوہ فضیلۃ الشیخ محمد مقیم فیضی رحمہ اللہ کی اہم کتاب "رقیہ مروجہ کے منکرات" بھی ایک سیٹ دی گئی۔

◈ مدرسہ رحمانیہ گوونڈی ممبئی:

مدرسہ رحمانیہ کے طلبہ وطالبات میں تقریری مسابقے میں انعام دینے کے لیے جمعیت کی یہ مطبوعات دی گئیں:

(۱)اتباع سنت یا تقلید مذاہب ایک لمحہ فکریہ (۲)بدعات کی پہچان(۳)توحید اور شرک کی حقیقت(۴)داڑھی اسلامی فریضہ اور مرد مومن کا شعار(۵)فتنوں سے نجات (۶)جماعت اہل حدیث پر الزامات کا جائزہ(۷)عورتوں کا حق وراثت اور جدید جاہلیت۔

مندرجہ بالا یہ سات کتابیں تفسیر احسن البیان کے ساتھ ایک معتد بہ تعداد میں دی گئیں۔

◈ کلیہ عائشہ للبنات گوونڈی ممبئی:

اس سال (۲۰۲۳) یوم جمہوریہ کی مناسبت سے جو پروگرام ہوا تھا اس میں طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے مدرسے کی درخواست پردفتر جمعیت سے یہ کتابیں دی گئیں:

(۱)اتباع سنت یا تقلید مذاہب ایک لمحہ فکریہ(۲)اولاد کی تربیت(۳)فتنوں سے نجات(۴)عورتوں کا حق وراثت اور جدید جاہلیت(۵)رقیہ مروجہ۔

◈ ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر یوپی:

ہندی پڑھنے والوں کی کثرت کے اعتبار سےضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر یوپی کی طلب پر ان کے دفتر واقع نوگڑھ اسی سال(۲۰۲۳):

1۔قرآن کی انسائیکلوپیڈیا(ہندی) (۳۰ باکس۔۴۸۸ عدد)

2۔قرآن کی شیتل چھایا(ہندی) (۲ باکس۔۱۸۰ عدد)

2۔قرآن کی شیتل چھایا(ہندی) (۲ باکس۔۱۸۰ عدد)

3۔قرآن کا ہندی ترجمہ (۳ باکس۔۷۲ عدد)

4۔داڑھی اسلامی فریضہ اور مرد مومن کا شعار(اردو) (۲ باکس۔۱۴۰عدد)

کل ملاکر۳۸ باکس کتابیں بھیجی گئیں۔ ان کتابوں کا مجموعی وزن ۶۷۸ کلو تھا۔

◈ ضلعی جمعیت اہل حدیث رتلام مدھیہ پردیش:

ضلعی جمعیت اہل حدیث رتلام کی طلب پر بڑی تعداد میں (۱)قرآن کی انسائیکلو پیڈیا(۲)احسن البیان (ہندی) (۳)قرآن کی شیتل چھایا، ارسال کی گئیں۔

◈ مقامی مساجد کو ’ہدیہ برائے رمضان‘ :

ضلعی جمعیات، مساجد کے ذمے داران اور صوبائی جمعیت کے اسٹاف کے ذریعے ممبئی کی مساجد میں امسال (۲۰۲۳)جو کتابیں بھیجی گئیںان میں: (۱)احسن البیان-اردو(۲)احسن البیان- ہندی (۳)ترجمہ قرآن- انگلش(۴)قرآن کا انسائیکلو پیڈیا-ہندی (۵)سادہ قرآن (۶)قرآن مجید کی شیتل چھایا (۷)صیام رمضان(۸)قیام رمضان (۹)مسائل زکوٰۃ (۱۰)الجماعہ-نیا شمارہ (۱۱)الجماعہ- خصوصی شمارہ ایک ایک عدد اور سادہ قرآن ایک خاص تعداد میں شامل تھیں۔

کل ملاکر اس سال رمضان المبارک کی مناسبت سےتقریباً دو سو(۲۰۰) باکس کتابیں مقامی مساجد کو بھیجی گئیں۔

◈ ملکی اداروں کو جاری کردہ توصیہ:

ہر سال رمضان المبارک کی مناسبت سے مالی تعاون حاصل کرنے کی غرض سے مختلف دینی اداروں (جامعات ومکاتب) کےجو نمائندے آتے ہیں انھیں اس سال (۲۰۲۳) ٹوٹل ۴۲۸ توصیات جاری کیے گئے۔ ان میں بنگال ، بہار، یوپی اور جھارکھنڈ والوں کی اکثریت تھی۔ مہاراشٹرکے ساتھ ساتھ آسام، ایم پی، ہریانہ، جموں کشمیر، گجرات اور اڑیسہ کے علاوہ پڑوسی ملک نیپال کے بھی کئی اداروں کو توصیہ جاری کیا گیا۔

واضح رہے کہ کسی بھی توصیہ کےلیے دفتر جمعیت کی طرف سے کوئی بھی چارج نہیں لیا جاتا ہے۔ بلکہ سفراء کا ہر ممکنہ تعاون کیا جاتا ہے۔ان میں کئی سفراء کو ان کی درخواست پر جمعیت کی طرف سےتمام دستیاب کتابوں کا سیٹ بھی ہدیتاً دیاجاتا ہے۔

اللہ رب العالمین ملک کے ان تمام دینی اداروں کو دین اسلام کی تعلیم وتبلیغ اور سنت نبوی کے فروغ کی توفیق دے نیز صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کے اراکین اور خیرخواہان کے اس تعاون کو قبول فرمائے۔

◈ علمی و دعوتی سرگرمیاں:

صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کے معروف ومعتبر داعی شیخ عنایت اللہ مدنی صاحب کے جو ہفتہ واری دروس ممبئی کی مختلف مساجد میں ہورہے ہیں وہ الحمد للہ جاری وساری ہیں۔ ان میں خصوصیت سے قابل ذکر مسجد حسن کوسہ ممبرا میں ’جدید مناہج کی حقیقت‘ اور جامع مسجد اہل حدیث مومن پورہ ممبئی میں ’سلف صالحین کے اقوال‘ کے دروس ہیں۔ ان دروس کے لائیو نیز ایڈٹ شدہ ویڈیوز جمعیت کے یوٹیوب چینل پر موجود ہیں۔

گذشتہ دنوں ’استقامت دین کی اہمیت اور وسائل‘ کے عنوان سے مسلسل تین دنوں تک تین الگ الگ مساجد میں مہمان خطیب اور معتبر سلفی عالم دین فضیلۃ الشیخ ظفرالحسن مدنی کا خطاب عام ہوا۔ ۶؍مئی بروز سنیچر مسجد دارالسلام کوسہ ممبرا ، ۷؍مئی بروز اتوار جامع مسجد اہل حدیث منشی کمپاؤنڈ کاشی میرا اور ۸؍مئی بروز پیر مسجد رابعہ، زیتون پورہ بھیونڈی میں یہ خطابات ہوئے جن میں ایک کثیر تعداد میں شریک ہوکرلوگوں نے استفادہ کیا۔ خواتین کے لیے بھی نشستوں کا الگ انتظام تھا۔ ان تینوں خطاب کا ویڈیو بھی فوری طور پر ایڈٹ کرکے چینل پر اپلوڈ کردیا گیا تھا۔

ان دنوں حج کی مناسبت سے ’حج تربیتی پروگرام‘ ہورہے ہیں۔ ایسا ہی ایک پروگرام مسجد اہل حدیث گلشن نگر جوگیشوری ویسٹ ممبئی میں ۷؍مئی بروز اتوار بعد نماز عصر تا مغرب ہوا جس میں شیخ عنایت اللہ مدنی صاحب نے عازمین حج کو خطاب کیا۔

صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کی سرپرستی میں منعقدہ ایک ’حج تربیتی پروگرام‘ میں امیر جمعیت شیخ عبدالسلام سلفی صاحب نے ’حج کی فضیلت واہمیت‘ پر خطاب کیا۔ شیخ عنایت اللہ مدنی صاحب نے ’طریقہ حج‘(عملی مشق) بتایا۔ یہ پروگرام ۲۱؍مئی بروز اتوار بعد نماز عصر تاعشاء جامع مسجد اہل حدیث مرول گاؤں اندھیری (ایسٹ)ممبئی میں منعقد ہوا تھا۔

اللہ رب العزت ان تمام تعلیمی وتبلیغی کاوشوں کو قبول فرمائے اور عوام وخواص کو کتاب وسنت کے تمام احکامات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(از: نصیر رحمانی)

رپورٹ: ’’عظمت توحید کانفرنس‘‘، صوفی عبدالرحمن پلے گراؤنڈ، مومن پورہ، ممبئی

(قرآن کریم نے توحید باری تعالیٰ کو امن کی ضمانت قرار دیا ہے)

بحمداللہ وفضلہ یکم جنوری ۲۰۲۳ء بروز اتوار صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کی جانب سے صوفی عبدالرحمن پلے گراؤنڈ پر ’’عظمتِ توحید‘‘ کانفرنس پورے تزک و احتشام کے ساتھ اختتام پذیر۔

قرآن کریم نے توحید باری تعالیٰ کو امن کی ضمانت قرار دیا ہے۔ اس بات کی وضاحت کے لئے صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کی جانب سے یکم جنوری ۲۰۲۳ء اتوار کو صوفی عبدالرحمن پلے گراؤنڈ میں ’’عظمت ِتوحید‘‘کے عنوان پر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پہلی نشست جامع مسجد اہل حدیث مومن پورہ میں ہوئی۔ کانفرنس میں مقررین نے کہا کہ دیگر مذاہب میں بھی توحید کے تصور کی جڑیں کافی مضبوط ہیں اور انبیاء ورسل کی بعثت اور ان کی دعوت کا نچوڑ توحید ہی تھا۔ اسی پر اعمال کی قبولیت اور نجات اخروی کا دارومدار ہے۔

اس کانفرنس میں مہمان خصوصی کے طورپر سعودی سفارت خانہ دہلی کے دو موقر نمائندوں نے شرکت کی، شیخ بدر ناصر العنزي اور شیخ عبداللطیف عبدالصمد الکاتب اور دونوں نے توحید پر انتہائی اہم اور وقیع باتیں پیش کی۔

شیخ بدر ناصر العنزي حفظہ اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا: ’’انسانوں اور جنات کی پیدائش کا مقصد اللہ جل شانہ نے اپنی عبادت کو قرار دیا ہے اور تمام انبیاء ورسل کی بعثت اور ان کی دعوت کا نچوڑ توحید باری تعالیٰ ہے، یہی بنیاد ہے قولاً بھی، عملاً بھی اور اخلاصاً بھی۔ اس کے ساتھ ہی غلو سے بھی بچنا ہے‘‘۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہم بحیثیت مسلمان اسلام کے نمائندہ ہیں اس لئے ہماری جانب سے کوئی ایسا عمل سرزد نہ ہو جس سے کسی کو لب کشائی کا موقع ملے۔ ہمیں اپنے ملک کے حالات کے پیش نظر حکمت کے ساتھ دعوت وتبلیغ کا فریضہ انجام دینا چاہیے‘‘۔

مزید آپ نے یہ بھی کہا کہ: ’’ہندوسعودی عرب کے درمیان قدیم زمانے سے اچھے روابط اور گہرے مراسم ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کی ملکی و قومی سلامتی اور خوشحالی و ترقی میں ایک دوسرے کے معاون ومددگار ہیں اس لئے ہمیں ملک کی سلامتی کے لئے فکر مند ہونا چاہیے‘‘۔

اس کے بعد شیخ عبداللطیف عبدالصمد الکاتب نےحفظہ اللہ توحید کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے شرک سے بچنے کی تلقین کی۔

شیخ رضاء اللہ عبدالکریم مدنی نے پہلی نشست میں خطاب کرتے ہوئے کہا: ’’توحید کے معنی اور اس کا مفہوم ہمیشہ ہمارے سامنے رہنا چاہیے۔ اس لئے بھی کہ باری تعالیٰ نے اپنے پاک کلام میں واضح انداز میں فرمادیا ہے کہ مشرک کی بخشش نہیں ہوگی۔ چنانچہ توحید خالص اللہ تعالیٰ کو اس کی ذات اور پاکیزہ صفات میں بلاشرکت غیرے ایک ماننا اور اس پر قائم رہنا ہے۔ یہی توحید کا بنیادی مفہوم اور اس کا تقاضا ہے۔ اس سے انحراف میں سخت نقصان اور خسارہ ہے‘‘۔

اس موقع پر صوبائی جمعیت اہل حدیث کے امیر مولانا عبدالسلام سلفی نے اپنے اخباری بیان میں کہا کہ : ’’اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد انسانیت کو ایک اللہ کی بندگی کی تلقین کرنا ہے۔ سارے لوگ اس بات کو مانتے ہیں کہ زندگی اور موت، بیماری اور صحت، تنگدستی اور فراخی اور نفع ونقصان کا مالک ایک ہے۔ اس لئے جو توحید کو ماننے والے ہیں وہ تمام مخلوق کے کام آنے کو جنت میں داخل ہونے کا ذریعہ سمجھتے ہیں‘‘۔

مولانا نے یہ بھی کہا کہ : ’’یاد رکھئے! کامیابی کا راستہ توحید سے ہی ممکن ہے اور انسانیت کی خدمت اور رواداری کی تعلیم بھی اسی سے ملتی ہے۔ قرآن کریم کی تعلیم کے مطابق یہی امن کا ذریعہ ہے اور توحید سارے انسانوں کے لئے ضمانت ہے‘‘۔

مولانا عبدالسلام سلفی نے مزید کہا کہ: ’’اسلام کے سوا دیگر مذاہب میں بھی توحید کے تصور کی جڑیں بہت مضبوط ہیں اور سبھی یہ مانتے ہیں کہ سب کا مالک ایک ہے۔ اس لئے اس پیغام کو عام کرنے اور ذہنوں میں بٹھانے اور اسے پختہ کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔

عظمتِ توحید کانفرنس میں شیخ ظفرالحسن مدنی، ڈاکٹر عبدالقیوم بستوی، مولانا ابوزید ضمیر، مولانا عبدالغفار سلفی، مولانا محمد رحمانی سنابلی مدنی اور دیگر نامور خطباء وعلماء نے اپنے اپنے انداز و اسلوب میں انتہائی عمدہ اور جامع خطابات کئے اور توحید کی اہمیت اور ضرورت کو واضح کرتے ہوئے امت مسلمہ کو اس کی حفاظت اور اسے عملی زندگی میں داخل کرنے پر زور دیا۔

نظامت کے فرائض مولانا عبدالحکیم عبدالمعبود مدنی، مولانا انصار زبیر محمدی اور مولانا ظہیر الدین سنابلی نے انجام دئیے۔ مولانا عنایت اللہ مدنی اور مولانا عبدالجلیل انصاری نے کانفرنس سے متعلق استقبالیہ دیگر امور انجام دئیے۔ کانفرنس کی دونوں نشستوں میں حاضرین کی جم غفیر کے ساتھ خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد تھی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ امت مسلمہ کو توحید کی عظمت اور اہمیت سمجھنے اور اس پر کما حقہ عمل کرنے کی توفیق بخشے۔ (آمین)

تربیتی اجتماع کا آنکھوں دیکھا حال

صوبائی جمعیت اہلحدیث ممبئی کے تربیتی اجتماع (منعقدہ ۲۷؍نومبر ۲۰۲۲ء بمقام جامع مسجد اہل حدیث کپاڑیا نگر، کرلا، ممبئی) میں فجر بعد سے ہی باوقار ائمہ و علماء کرام کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا،ناشتے کا دسترخوان پہلے سے سجا دیا گیا تھا،ایک جگہ سلفی علماء کی خوبصورت محفل نے دل باغ باغ کردیا،جس طرح مشکبار گلشن میں انواع واقسام کے گل و لالہ،گلاب وچمیلی، نرگس ونسترن اس کا حسن بڑھا دیتے ہیں اسی طرح مختلف اداروں کے فارغین کا متنوع خصوصیات کے ساتھ ایک جگہ جمع ہونا اجتماع کا حسن ‌بڑھارہا تھا، یہ علماء تھے،ائمہ تھے،دعاۃ تھے،خطباء تھے، نوفارغ بھی تھے، تجربہ کار بھی تھے،اکابرین بھی تھے، بزرگان دین بھی تھے،رنگ و نور میں بسے لمحوں کو دل قید کرلینا چاہتا تھا،لاک ڈاؤن کے ایک طویل عرصے کے بعد جمعیت نے اس روح پرور منظر کے ذریعے ماضی کی یادیں تازہ کردی تھیں، شیخ مقیم رحمہ اللہ بہت یاد آئے،آپ کا نام ہول ہول کر دل ودماغ کے ویرانے میں گونجتا تھا،ماضی کی تصویریں ایک ایک کرکے سامنے آرہی تھیں،جیسے آپ ابھی کسی طرف سے نکل کر آجائیں گے۔

رہنے کو سدا دہر میں آتا نہیں کوئی

تم جیسے گئے ایسے بھی جاتا نہیں کوئی

(کیفی اعظمی )

امیر صاحب کو مہمانوں کے انتظام اور ان کے استقبال میں اپنا ہوش نہیں تھا،رات کو بارہ بجے کے بعد مسجد سے انتظامی امور کا جائزہ لینے کے بعد گھر روانہ ہوئے تھے،سخت ٹرافک جھیل کر تین گھنٹے میں گھر پہونچے اور اجتماع کے دن علی الصباح کاپڑیا نگر مسجد میں پھر پہونچ گئے تھے،بے خوابی اور بے آرامی سے چہرہ متورم لگ رہا تھا،آواز میں نقاہت تھی،تھکن سے چور تھے، مجھے اپنے ان بھائیوں پر افسوس ہوا جو وقت نہ دینے کی اکثر شکایت کرتے رہتے ہیں،ایک مہینے سے تربیتی اجتماع کو منظم اور کامیاب بنانے کی جد وجہد میں مصروف تھے،نہ کھانے کا ہوش اور سونے کا ٹھکانہ اور نہ اپنے کاروبار کی فکر ...

اس سے کیا غرض صبح ہے یا شام ہے

خدمت اہل چمن ہر وقت میرا کام ہے

آپ کے رفقاء نے بھی بڑی قربانی دی،ابو المیزان بھائی سےشروع سے رابطے میں رہا،رجسٹریشن اور علماء سے رابطے کا پورا کام اپنے سر لے رکھا تھا،پورا دن فون پر بزی رہتے تھے، آسان نہیں ہوتا ہے اس نوعیت کے پروگرام منعقد کرنا،سرفراز بھائی بھی بجلی کی سی رفتار سے ادھر آنکلتے اور کبھی ادھر پہونچ جاتے تھے،جمعیت کی پوری مشینری جنگی پیمانے پر کام کررہی تھی، رجسٹریش کے اندراج کا مرحلہ بڑا دشوار گزار تھا،ریکارڈنگ کا کام بھی مشکل ترین امر تھا لیکن جب مخلص اور محنتی افراد کام کرنے والے ہوں تو کچھ بھی ناممکن نہیں ہوتا ہے،پورے مہاراشٹر سےلوگ آئے تھے،علماء کی اس محفل پر نور برس رہا تھا،فرشتوں کا نزول ہورہا تھا،یہ علم کی پیاس تھی،یہ کتاب وسنت کی کشش تھی، علماء نوٹس کے ساتھ اپنی اپنی نشستوں پر بیٹھے خطابات سن رہے تھے،یکسوئی تھی،انہماک تھا،سب کے مقالے بہت جامع اور حسب حال تھے،شیخ ظفر الحسن مدنی ،شیخ عبدالقیوم بستوی،شیخ صلاح الدین مقبول مدنی،دکتور نسیم مدنی،فضیلۃ الدکتور عبید الرحمٰن مدنی، شیخ عبدالحکیم مدنی،شیخ خالد جمیل مکی،شیخ مصطفی اجمل مدنی وغیرہم (حفظھم اللہ) کی تقاریر انتہائی فکر انگیز اور بصیرت افروز تھیں، اشتہار میں نام اور خطباء کی تفصیل موجود ہے،میں بھی مقالہ پڑھ چکا تھا،آخری نشست کی نظامت میرے دوش ناتواں پر تھی، صدارتی کلمات میں شیخ عبدالمعید مدنی حفظہ اللہ نے مجلس کو تڑپادیاتھا،منحرف شخصیات کے افکار ونظریات نے موجودہ دور میں جو تباہ کاری مچائی ہے،نسلوں کے ذہنوں کو جو مسموم کیا ہے، اس پر آپ کا خطاب تھا،دوران تقریر آپ کی آواز بھرا گئی،آپ روہانسی ہوگئے،یہ بس یونہی نہیں تھا بلکہ آپ کے سامنے جو قافلہ لٹ رہا ہے،سلفیت پر جو ڈاکہ ڈالاجا رہا ہے،اہلحدیثیت کا خیمہ جو اجڑ رہا ہے،آپ کے سلفی جگرگوشے جو حریت پسندی میں غیروں کی گودوں میں جارہے ہیں،یہ جو منہجی اباحیت اور سرپھراپن پھیل رہا ہے، اس درد نے آپ کو اندر سے کتنا لہو لہان کیا ہے؟روح کو کتنی ٹیسیں پہونچائیں ہیں؟اس کی آنچ آپ کے لب و لہجے میں اتر آئی تھی،آنسو لفظوں میں ڈھل گئے تھے،آپ نے کہا کہ ایک شخص بھی منہج پر رہیگا تب بھی یہ منہج رہیگا لیکن وہ ایک شخص خالص اور پیور رہیگا،قلت وکثرت کا حوالہ ہم‌ پر اثر انداز نہیں ہو سکتا،آپ نےکہا: کسی کی تحریریں بہت اچھی ہیں،کسی نے بہت کتابیں لکھی ہیں،کسی نے مغربی کلچر پر بہت اچھا کام کیا ہے تو کیا اس کو بخش دیا جائے گا،ان کے افکار کا جائزہ نہیں لیا جائے گا،یہی وہ ظاہر فریب بیانیہ ہے جس نے امت پر ضلالت کے چوپٹ دروازے کھول دیے ہیں،عقیدۂ ومنہج کے ایوان میں نقب لگایا ہے،ایک گھنٹے کی تقریر میں سماں ایسا بندھا رہا کہ سامعین پر"کأنما علی رؤوسھم الطیر" کی روح پرور کیفیت کا گمان ہوتا تھا،صوبائی جمعیت نے مہمانوں کیلئے اور تمام مشارکین کیلئے بیش قیمت ہدایا وتحائف کا انتظام کیا تھا،انتہائی اہم موضوعات پر ایک درجن سے زائد کتب بھی دی گئیں،عشائیہ کا انتظام بھی تھا تاکہ کھانے کی فکر سے آزاد ہوکر سب آرام سے گھرپہونچ جائیں،مسجد کے ذمے داران اور مقامی نوجوانوں کے بغیر اجتماع اس خوش اسلوبی سے انجام تک نہیں پہنچ سکتا تھا،بے مثال خدمت اور بے لوث قربانی کی ایک اعلی مثال اس اجتماع میں دیکھنے کو ملی،شرکاء کا شوق اور علم کیلئے وارفتگی قابل تعریف تھی،صوبائی جمعیت کا تربیتی اجتماع ہر گذرتے سال کے ساتھ بے انتہا مقبول ہورہا ہے،جن کا رجسٹریشن ہوا تھا ان کی تعداد سیکڑوں میں تھی،تاہم ایک بڑی تعداد طلبہ وغیر علماء کی وہ بھی تھی جن کا کسی وجہ سے رجسٹریشن نہیں ہوسکا تھا،وہ بھی یہ صدا لگا رہی تھی۔

اجازت ہو تو آکر میں بھی شامل ان میں ہوجاؤں

سنا ہےکل ترے در پر ہجوم عاشقاں ہوگا

(از: شیخ رشید سمیع سلفی)

رپورٹ کارکردگی صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی

(سن 1441ھ تا 1444ھ بمطابق سن 2019ء -2022ء)

صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی شہر ممبئی ، تھانہ اور دیار کوکن میں جماعت اہل حدیث کی نمائندہ تنظیم ہے ۔ تنظیمی سرگرمیوں اور دعوتی جدوجہد کے حوالہ سے صوبائی جمعیت ملک بھر میں معروف ہے ۔ وسیع لائحہ عمل ، فعّال تنظیمی اور دعوتی شعبہ جات اور مختلف دعوتی صلاحیتوں میں مہارت رکھنے والے علماء اور دعاۃ کی مضبوط ٹیم کے حوالہ سے صوبائی جمعیت ملک بھرکے اداروں میں اپنی خصوصی شناخت رکھتی ہے ۔ اللہ کے فضل واحسان اور جماعت کے قیمتی تعاون کے ساتھ ہم اپنی وسعت بھر کوشش کررہے ہیں تاکہ جماعت کی تنظیم اور تنسیق اور دعوت کی ذمہ داریاں جمعیت کما حقہ ادا کرسکے ۔ ادھر لاک ڈاؤن اور اس کی بندشوں کی وجہ سے بہت سی سرگرمیاں موقوف تھیں لیکن اب بحمدللہ جمعیت اپنے کاز میں رواں دواں ہے۔ اللہ مزید توفیق بخشے۔ ذیل میں جمعیت کی سرگرمیوں کا مختصر سا خاکہ پیش کیا جارہا ہے ۔

1. شعبۂ تنظیم ورابطہ عامہ : صوبائی جمعیت اپنی ماتحت جمعیتوں کی کارکردگی کا استطاعت بھر جائزہ لیتی رہتی ہے ۔ یہ جمعیات صوبائی جمعیت کے ساتھ مستقل رابطہ میں رہتی ہیں ۔ صوبائی جمعیت مختلف ضروری اور مطلوبہ سرگرمیوں کی طرف ان کی توجہ مبذول کراتی رہتی ہے ۔

2. شعبۂ دعوت : حسب سابق امسال بھی اجتماعات کا سلسلہ جاری رہا۔ اور متعدد مقامات پر ان کا انعقاد ہوا۔

◈ صوبائی جمعیت کے متعدد دعاۃ ممبئی کی مختلف مساجد کی جانب سے دعوت پر دروس اور اجتماعات میں شرکت کرتے ہیں۔ موقع بموقع بیرون صوبہ بھی دعوتی پروگراموں میں شریک ہوتے ہیں۔

◈ خطبات جمعہ دعوت وتبلیغ کا ایک موثر ذریعہ ہیں اس لئے صوبائی جمعیت ہر جمعہ ممبئی کی مختلف مساجد میں خطبہ جمعہ کی ترتیب کرتی ہے۔

◈ صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی حلقے کی مختلف مساجد میں دروس، خطبات جمعہ وغیرہ کے لئے علاقہ ہی کے معتبر علماء کی خدمات بھی حاصل کرتی ہے۔

◈ 4 جنوری 2020ء اتوار کے دن صوبائی جمعیت کی جانب سے حج ہاؤس پلٹن روڈ ممبئی میں ایک عظیم الشان کانفرنس بعنوان: سماجی انصاف اور مذہبی رواداری منعقد ہوئی جس میں شہر ممبئی کے علماء و جماعتی ذمہ داران کے علاوہ نامور سیاسی وسماجی شخصیتوں نے شرکت کی۔ جس سے کثیر تعداد میں لوگ فیض یاب ہوئے وللہ الحمد۔

◈ ائمہ مساجد کا مقام مسلم معاشرہ میں بہت بلند اور ان کی ذمہ داریاں انتہائی اہم ہیں جس کی وجہ سے صوبائی جمعیت ہر سال بڑے تزک و احتشام سے دورہ تدریبیہ کا انعقاد کرتی ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے یہ سلسلہ منقطع تھا مگر اللہ کی مشیئت و توفیق سے امسال27؍ نومبر 2022ء بروز اتوار صبح نو بجے سے صلاۃ عشاء تک مسجد اہل حدیث کپاڑیا نگر کرلا میں منعقد ہونے جارہا ہے۔ یہ دورہ جس میں تقریبا 400؍ ائمہ ودعاۃ اور مہمانوں کی شرکت ہوگی ۔اور ملک و بیرون ملک کے کبار علماء، دکاترہ اور ماہرین علم وفن محاضرات پیش کریں گے۔ صوبائی جمعیت اپنی روایت کے مطابق شرکاء کے لئے قیمتی تحائف بھی پیش کرنے کی سعادت حاصل کرے گی۔إن شاء اللہ۔

◈ حسب سابق امسال بھی صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کا سالانہ کانفرنس جامع مسجد اہل حدیث مومن پورہ کے تعاون سے ’’جھولا میدان، مومن پورہ ، بائیکلہ‘‘ میں بتاریخ یکم جنوری ۲۰۲۳ء زیر صدارت مولانا عبدالسلام صاحب سلفی امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی منعقد ہونا طے پایا ہے۔ جس میں ملک کے نامور علماء کرام شریک ہوں گے إن شاء اللہ۔

3. صوبائی جمعیت کی غیر منقولہ جائدادیں:

جوگیشوری ویسٹ ایس وی روڈ پر فیضان اپارٹمنٹ میں مسجد ومدرسہ کے لیے ایک مناسب کمرشیل ایریا صوبائی جمعیت کے نام رجسٹرڈ ہے ، وہاں جمعہ ، جماعت اور دیگر دینی سرگرمیاں بھی چل رہی ہیں الحمدللہ ابھی سال رواں میں بغل کا گالا بھی خرید کر مسجد کی مزید توسیع کردی گئی ہے جو احباب جماعت کے تعاون سے مکمل ہوا ہے اور اس طرح شہر ممبئی میں جمعیت کی ملکیت میں کل چار جائدادیں : شامل ہوگئی ہیں

1) صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کی موجودہ آفس، کرلا بس ڈپو کے سامنے، ایل بی ایس روڈ ، کرلا ویسٹ

2) صوبائی جمعیت اہل حدیث کی قدیم آفس، آشیانہ اپارٹمنٹ ، بالمقابل فوزیہ ہاسپٹل کرلا ویسٹ

3) جامع مسجد اہل حدیث کپاڈیہ نگرکرلا ویسٹ کے بغل میں ایک وسیع گالہ

4) مسجد اہل حدیث، ایس وی روڈ ، فیضان اپارٹمنٹ ، جوگیشوری ویسٹ

4. شعبۂ افتاء وتصفیہ معاملات: یہ جمعیت کا کافی فعال شعبہ ہے، جمعیت کے مفتی صاحبان مختلف مسائل پر آنے والے استفتا کا جواب باقاعدگی سے دیتے ہیں، تحریری وزبانی دونوں طرح سے یہ سرگرمی جاری ہے۔

طلاق وخلع جیسے مسائل میں بھی جمعیت کے ذمہ داران صلح صفائی اور نزاعات کے خاتمے کے لئے اپنی پوری کوشش صرف کرتے ہیں اور فریقین کے لئے اپنے وقت کا بڑا حصہ لگاتے ہیں اور ان کی خیر خواہی کا کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرتے ۔

پورے سال میں تقریبا سو سے زائدفتاوے صوبائی جمعیت کی جانب سے ایشو کیے گئے جن کی نقول دفترمیں موجود ہیں۔ دیگر امور میں بھی باہمی نزاعات کے خاتمے کے لئے جو لوگ جمعیت سے رجوع کرتے ہیں ذمہ داران ان کی طرف پوری توجہ دیتے ہیں۔

جماعتی احباب یا علماء کے لئے اگر مشیئت الٰہی سے جماعتی یا ملی اعتبارسے کوئی مشکل پیش آتی ہے تو جمعیت امکانی تعاون کے لئے ہمیشہ تیار رہتی ہے اور ماضی میں کئی معاملات میں جمعیت نے اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے اور دامے درمے قدمے سخنے ہر طرح کی کوششیں صرف کی گئی ہیں۔ وللہ الحمد.

جمعیت کے علماء ذاتی ملاقات ، فون اور سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی عوام کی دینی رہنمائی کے فرائض انجام دیتے رہتے ہیں۔

5. مختلف سیاسی اور دعوتی معاملات میں اپنےموقف کی : پریس ریلیز وضاحت اور عوام کی رہنمائی کےلیے صوبائی جمعیت کے دفتر سے پریس ریلیز جاری ہوتی رہتی ہے ۔

6. اس شعبے کے تحت مختلف اہم ترین : شعبہ تحقیق وتالیف وترجمہ موضوعات پر درجنوں کتابیں اب تک لکھی اور تیار کی جاچکی ہیں ، نیز مختلف قسم کے دعوتی پمفلٹ، فولڈر اور کتابچے وغیرہ بھی تیار کئے گئے ہیں اور مزید کتابوں کے ترجمے ، تالیف اور ترتیب کا کام جاری ہے۔

7. اس شعبے کے تحت مختلف کتابیں منظر پر آئی : شعبۂ نشرواشاعت ہیں اور یہ کتابیں بڑی تعداد میں مفت تقسیم ہوئی ہیں ،اس شعبہ کے تحت شائع ہونے والی حالیہ کتابوں کی ایک سرسری فہرست حسب ذیل ہے:

1. اتباع سنت یا تقلید مذاہب: تالیف : امام صالح بن نوح، ترجمہ:عنایت اللہ مدنی، صفحات:520

2. اسالیب دعوت: تالیف: شیخ عاطف سنابلی، صفحات: 72

3. خطبۂ صدارت: پیغام حق کانفرنس: تالیف: مولانا عبدالسلام سلفی، صفحات:27

4. قادیانیت کی حقیقت: تالیف:شیخ ابوالقاسم سیف بنارسی، صفحات:488

5. خانہ سازشریعت: تالیف: شیخ عبدالرؤف ندوی، صفحات:472

6. شرح نواقض اسلام: تالیف: شیخ صالح الفوزان، ترجمہ: منتخب علماء کرام ، صفحات:294

7. بھینس کی قربانی: تالیف:شیخ عنایت اللہ مدنی، صفحات:280

8. مختصر مسائل زکوٰۃ: تالیف:شیخ محمد مقیم فیضی رحمہ اللہ، صفحات:48

9. صیام رمضان مختصر احکام ومسائل: تالیف: شیخ عنایت اللہ مدنی، صفحات:132

10. صحیح عقائد کی طرف رہنمائی: تالیف: شیخ صالح بن فوزان، ترجمہ: عبدالتواب محمدی، صفحات:496

11. طالب علم کا زیور: تالیف:علامہ بکر بن عبداللہ ابو زید، ترجمہ:شیخ عنایت اللہ مدنی،صفحات:112

12. جدید مناہج کی حقیقت: تالیف:ڈاکٹر صالح بن فوزان، ترجمہ: شیخ عنایت اللہ مدنی، صفحات:480

13. جن و شیاطین: رقیہ مروجہ کے منکرات: تالیف: شیخ محمد مقیم فیضی ؒ، جلد اول صفحات:912، جلد دوم صفحات:888

14. اختلاف امت اور فرقہ بندی (اردو): تالیف: ڈاکٹر عبدالقیوم بستوی، صفحات:159

15. اختلاف امت اور فرقہ بندی (انگلش): تالیف: ڈاکٹر عبدالقیوم بستوی، ترجمہ: حنامنیر قاضی ، صفحات:183

16. حافظ صلاح الدین یوسف حیات وخدمات: تالیف: ابو المیزان، صفحات:469

17. خطبۂ صدارت:سماجی انصاف اور مذہبی رواداری کانفرنس (حج ہاؤس): تالیف:مولانا عبدالسلام سلفی، صفحات: 27

18. عورتوں کا حق وراثت اور جدید جاہلیت: تالیف: شیخ عنایت اللہ مدنی، صفحات:132

19. نبی رحمت کے معجزات اور پیشینگوئیاں: تالیف: محمد ناظم عبدالمجید، صفحات:158

20. فتنوں سے نجات کیسے؟: تالیف:ڈاکٹر سلیمان الرحیلی، ترجمہ:شیخ عنایت اللہ مدنی، صفحات:126

21. علماء کے حقوق: تالیف:ڈاکٹر عبدالرحمن بن معلا، ترجمہ:شیخ عنایت اللہ مدنی، صفحات:280

22. ناموس مصطفی اور آپ کی نصرت وتائید: تالیف: یوسف بن حسن الحماوی، ترجمہ: الطاف الرحمن سلفی،صفحات:24

23. قسم اور حلف اسلامی عقیدے کی روشنی میں: تالیف: مقصود الحسن فیضی، صفحات:80

24. مقالات و مضامین بر حجیت حدیث: تالیف:شیخ الاسلام مولانا ثناء اللہ امرتسری ؒ، تحقیق: عبدالاحد أحسن جمیل آل عبدالرحمن، صفحات:544

25. سلفی دعوت کے اصول: تالیف:عبدالسلام بن برجس آل عبدالکریم، ترجمہ: ڈاکٹر اجمل منظور سنابلی مدنی، صفحات:72

26. امتِ محمدیہ کے فضائل: تالیف: ڈاکٹر عبدالقیوم محمد شفیع بستوی مدنی، صفحات:120

27. منہج حق کی وضاحت اور فرقہ الاخوان المسلمون: تالیف: ڈاکٹر ہشام بن عبدالملک بن عبداللہ بن محمد آل شیخ، ترجمہ:ابو عبداللہ عنایت اللہ مدنی، صفحات:71

28. اولاد کی تربیت میں کوتاہی: تالیف: ڈاکٹر محمد ابراہیم الحمد، ترجمہ: ابو عبداللہ عنایت اللہ مدنی، صفحات:123

29. بدعات کی پہچان: تالیف: ڈاکٹر محمد بن حسین بن حسن جیزانی،ترجمہ: ابو عبداللہ عنایت اللہ مدنی، صفحات:284

30. منہج سلف کا تحقیقی جائزہ: تالیف: ڈاکٹر سلیمان الرحیلی، ترجمہ: ڈاکٹر محمد اجمل منظور مدنی، صفحات:312 اس کے علاوہ ۶۵؍ سے زائد کتابیں جمعیت کی طرف سے شائع ہوکر منظر عام پر آچکی ہیں۔

8. جمعیت کی شائع کردہ کتابوں کی مفت تقسیم کے : شعبۂ تقسیم کتب علاوہ صوبائی جمعیت دیگر اداروں کی مطبوعات اور تراجم قرآن ان اداروں کے تعاون سے مسلسل تقسیم کرتی رہتی ہے۔

9. صوبائی جمعیت پورے اہتمام کے ساتھ : صوبائی جمعیت کا کلینڈر مفید معلومات اور مناسب دعاؤں پر مشتمل نہایت ہی خوشنما اور دیدہ زیب کلینڈر منظر عام پر لاتی ہے جس میں نماز کے اوقات بھی ہوتے ہیں، یہ کلینڈر جماعتی وغیر جماعتی احباب کی طرف سے ہاتھوں ہاتھ لیا جاتاہے اور اس کی کھپت ہزاروں کی تعداد میں ہوتی ہے مگر طلب اس سے بھی زیادہ رہتی ہے۔

10. یہ کام بھی صوبائی جمعیت کی طرف سے : رمضان کا ٹائم ٹیبل مستقل ہوتاہے اور صوبائی جمعیت کے حلقوں میں بڑی تعداد میں تقسیم کیا جاتاہے۔

11. صوبائی جمعیت نے ’’الجماعۃ‘‘نامی پرچہ کا اجرا : مجلہ الجماعۃ کیا تھا گذشتہ کئی سالوں سے الحمد للہ مجلہ تاریخ کی پابندی کے ساتھ مسلسل نکل رہا تھا۔ موضوعات کے تنوع اور زبان وبیان کی سلاست ، تحقیق کےعمدہ معیار کی بنیاد پر یہ پرچہ اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے ۔ شیخ محمد مقیم فیضی رحمہ اللہ کی علالت و وفات اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے ایک فترے سے یہ موقوف تھا۔ جسے جاری کرنے کا پروگرام طے ہوا ہے الحمدللہ دورۂ تدریبیہ کی مناسبت سے آپ کے ہاتھوں میں اس کا خصوصی شمارہ ہے۔ إن شاء اللہ آئندہ بھی یہ آپ کے ہاتھوں میں پہونچتا رہے گا۔ وباللہ التوفیق

12. صوبائی جمعیت مقامی وغیر مقامی مستحق : شعبۂ توصیات وتزکیات اداروں کے لئے توصیات کا اجرا بھی مستقل طور پر کرتی رہتی ہے۔ اس سال سیکڑوں توصیات کا اجراء صوبائی جمعیت اہل حدیث کی آفس سے عمل میں آیا۔

13. مختلف مقامات پر کبھی کبھی : جماعتی مسائل کے حل کی کوشش جماعتی افراد کے درمیان نامناسب حالات پیدا ہوجاتے ہیں ، جمعیت ان حالات کے خاتمے کے لئے پوری پوری کوشش کرتی ہے اور الحمدللہ اکثر وبیشتر اس کے نتائج بہت عمدہ اور خوش کن ہوتے ہیں۔

کبھی کبھی غیر جماعتی عناصر کی طرف سے جماعت اور افراد جماعت کے خلاف نامناسب سرگرمیاں بھی سامنے آتی ہیں، ایسے حالات میں جمعیت کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ اشتعال کے بغیر نرمی اور سنجیدگی کے ساتھ ان مسائل کو حل کیا جائے اور جمعیت ہر سطح پر اس کے لئے اپنی کاوشیں صرف کرتی ہے اور بحمدللہ بہت سے مسائل اسی طرح حل بھی ہوئے ہیں۔

14. صوبائی جمعیت مختلف قدرتی : صوبائی جمعیت کا ریلیف فنڈ آفات اور ناگہانی حالات میں شہر ممبئی اور ملک کے مختلف حصوں میں امداد کا کام کرتی ہے۔اس سال ملک کے مختلف حصوںمیں سیلاب نے بڑےپیمانے پر تباہی پھیلا ئی۔صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی نے سیلاب متاثرین کی امداد کےلیے تحریک شروع کی اور اس کا عمدہ نتیجہ برآمد ہوا، چپلون، کھیڑ، مہاڈ وغیرہ کے علاقوں میں طوفانی سیلاب کی وجہ سے روشنی کمیٹی کوکن کے اشتراک سے کافی لوگوں کو مدد پہنچائی گئی، اسی طرح رواں سال میں یوپی ضلع سدھارتھ نگر، میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے وہاں کی ضلعی جمعیتوں کے تعاون سے متاثرین کی مدد کی گئی۔ فللہ الحمد۔

ناگریز حالات میں موقع بہ موقع جمعیت انفرادی سطح پر بھی لوگوں کا مالی تعاون کرتی رہی ہے ۔

15. جمعیت اس کے ذریعہ اپنے وسائل کے مطابق : شعبہ رفاہ عامہ بیماروں، ضرورتمندوں اور ناداروں کی ممکنہ مدد کرتی ہے۔

مکاتب کا تعاون : کئی مکاتب کے لئے مدرسین کی تنخواہوں میں بھی تعاون کیا جاتاہے۔

16. یہ شعبہ جمعیت کا اہم ترین شعبہ ہے کیونکہ پورے : شعبہ مالیات نظام کے قائم رکھنے اور تنخواہوں سے لے کر دیگر اخراجات تک کےلیے مال کی جو اہمیت ہے وہ کسی پر مخفی نہیں ہے ۔ اور مال کی فراہمی جیسا کہ ظاہر ہے انتہائی مشقت طلب کام ہے اور اس کے لیے مسلسل جدوجہد کی ضرورت رہتی ہے ، امیر محترم اس سلسلے میں خصوصی شکریہ کے مستحق ہیں کہ وہ احباب جماعت کے تعاون سے اس شعبہ کو فعال رکھنے کے لیے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ فرماتے ہیں اور اپنی ذاتی مصروفیات پر جماعتی ضرورتوں کو اکثر اوقات ترجیح دیا کرتے ہیں جس کا اجر انہیں اللہ تعالیٰ ہی عطا کرسکتا ہے ۔

اس شعبہ کا حساب کتاب الحمد للہ اپ ڈیٹ رکھا جاتا ہے اور ہر سال آڈٹ کراکے ریٹرن فائل کردی جاتی ہے اور قانونی تقاضوں کو بحمد للہ پورا کیا جاتا ہے ۔

: جمعیت کے مستقل ومتفرق اخراجات حسب ذیل ہیں

۱- دعاۃ اور اسٹاف کی تنخواہ۔

۲- اجتماعات پر آنے والے اخراجات۔

۳- کتابوں اور فولڈروں کی طباعت کے اخراجات۔

۴- مکاتب کا مالی تعاون۔

۵- مختلف قسم کے ضرورتمندوں کا تعاون۔

۶- دفتری اخراجات۔

۷- مسابقوں وغیرہ پر آنے والے اخراجات۔

۸- دیگر متفرق اخراجات۔

مذکورہ مدوں میں ہونے والے سالانہ اخراجات کا تخمینہ تقریبا تیس لاکھ روپئے ہے۔

: ذریعۂ آمدنی

جمعیت کا کوئی مستقل ذریعۂ آمدنی نہیں ہے، اس کے جملہ اخراجات احباب جماعت کے رمضانی وغیر رمضانی تعاون سے پورے ہوتے ہیں۔

: جمعیت کے ساتھ تعاون کی شکلیں

۱- نقد رقومات کے ذریعہ۔

۲- دعاۃ کی کفالت اور ان کی تنخواہ کی ذمہ داری۔

۳- اشاعت کتب کے اخراجات کی فراہمی۔

۴- مدرسین مکاتب کی تنخواہوں میں تعاون۔

۵- طلباء کے اسکالرشپ وغیرہ میں تعاون۔

۶- بیماروں کے علاج کے لئے تعاون۔

۷- مساجد کی تعمیر میں تعاون۔

۸- ریلیف فنڈ میں تعاون۔

۹- اجتماعات اور دعوتی دوروں کے اخراجات میں تعاون۔

۱۰- مفید مشوروں کے ذریعہ تعاون۔

۱۱- ویب سائٹ کے اخراجات۔

صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کا سالانہ بجٹ تقریباً ساٹھ لاکھ (60,00,000)ہے۔

17. انٹر نیٹ پر جمعیت کی سرگرمیاں

1) : جمعیت کی ویب سائٹ

2) www.ahlehadeesmumbai.com

: فیس بک اکاؤنٹ

3) subaijamiatahlehadeesmum

: ٹویٹر اکاؤنٹ

twitter.com/@JamiatSubai

4) : یوٹیوب چینل

@SubaiJamiatAhleHadeesMumbai

6) جمعیت کی واٹس اپ براڈ کاسٹ لسٹ۔ جس کے ذریعہ سیکڑوں افراد تک جمعیت کی سرگرمیاں اور دعوتی پیغامات ارسال کئے جاتے ہیں۔

علماء کے بیانات کی اعلیٰ معیار کی ریکارڈنگ کے لیے بہترین کوالیٹی کا کیمرا اور دیگر لوازمات خریدے گئے ہیں ۔

18. مکتبہ : صوبائی جمعیت کی جانب سے جماعتی کتابوں کی فراہمی کے مقصدسے ایک مکتبہ اری و ساری ہے۔اور اس میں مختلف موضوعات پر قیمتاً کتابیں دستیاب ہیں۔

اپیل:

تمام جماعتی وملی احباب سے اپیل کی جاتی ہے کہ حق وصداقت کی آواز کو بلند رکھنے اور اسے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے اور جمعیت کی دعوتی، تربیتی، تعلیمی، رفاہی اور سماجی خدمات سے متعلق سرگرمیوں کو تقویت پہنچانے کے لئے دل کھول کر صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کا تعاون فرمائیں بالخصوص رمضان کے مبارک مہینے میں اسے اپنے خصوصی عطیات وصدقات سے نوازیں۔

وجزاکم اللہ أحسن الجزاء

والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کی دعوتی وتربیتی سرگرمیاں

تربیتی اجتماع (دورہ تدریبیہ) اور جھولامیدان ممبئی کے ’’عظمت توحید کانفرنس‘‘ جیسے سالانہ پروگراموں کے علاوہ صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کے دعاۃ شہر ممبئی، تھانہ اور اضلاع کوکن کے مختلف اجتماعات اور مساجد میں دروس اور خطبہ جمعہ کے لیے جاتے رہتے ہیں۔باہر سے آنے والے معروف علماء بھی جمعہ کے خطبات کے لئے موقع بہ موقع وقت دیتے ہیں۔

بروقت ممبئی کی تین مساجد میں شیخ عنایت اللہ مدنی صاحب کے ہفتہ واری نیز پندرہ روزہ دروس ہورہے ہیں الحمد للہ۔

(۱)مسجد حسن کوسہ ممبرا میں شیخ عنایت اللہ مدنی کی ترجمہ کردہ کتاب ’’جدید مناہج کی حقیقت‘‘ کا ہفتہ واری درس جس کے ۷۱ سلسلے تاحال مکمل ہوچکے ہیں۔(۲) ممبئی ہلائی گھانچی مسلم جماعت خانہ پائیدھونی میں علامہ محمد ناصرالدین البانی ؒ کی مترجم کتاب ’’منہج سلف کی حقیقت‘‘ کا پندرہ روزہ درس جو ابھی جلد ہی شروع ہوا اور جس کے تین سلسلے آچکے ہیں۔ یاد رہے کہ اس جماعت خانہ میں ایک عرصہ سے شیخ سرفراز فیضی کا بعد نماز عشاء ہفتہ واری درس چل رہا ہے۔ (۳)مسجد اہل حدیث مومن پورہ بائیکلہ ممبئی میں شیخ عنایت اللہ مدنی صاحب کی عربی سے ترجمہ کردہ ایک اور کتاب ’’عقیدہ وسنت سے متعلق سلف صالحین کے اقوال‘‘ کا درس جس کے اب تک تین سلسلے ہوچکے ہیں الحمدللہ۔

شیخ عنایت اللہ مدنی کے یہ تینوں پروگرام صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کے یوٹیوب چینل سے لائیو نشر ہوتے ہیں اور پھر ریکارڈ کیے ہوئے ویڈیو کو ایڈٹ کرکے بھی چینل پر اپلوڈ کیا جاتا ہے۔ اسی طرح لائیو اور ایڈٹ شدہ ویڈیو کی لنک جمعیت کے تمام سوشل میڈیا ہینڈل کے ذریعے شیئر بھی کیا جا تا ہے جن میں واٹس ایپ کے پچیس گروپ، فیس بک اکاؤنٹ اور پیج، ٹیلی گرام، ٹویٹراور انسٹاگرام شامل ہیں۔

وقتاً فوقتاً ممبئی کی مختلف مساجد میں صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کے زیر اہتمام عوام وخواص کی دینی تعلیم و تربیت کے لیے اجتماعات منعقدہوتے رہتے ہیں۔بالخصوص شہر ممبئی میں جب معروف اہل علم کی آمد ہوتی ہے۔ ابھی جنوری ۲۰۲۳ء میں شارجہ سے فضیلۃ الشیخ ظفر الحسن مدنی حفظہ اللہ کی ممبئی آمد پر ممبئی کی چار مختلف مساجد میں ان کے اصلاحی وتربیتی خطاب کا اہتمام کیا گیا تھا، ۹؍جنوری بروز پیر کو مسجد دارالسلام کوسہ ممبرا میں، ۱۰؍ جنوری بروز منگل کو التوحید مسجد اہل حدیث کھارگھر نئی ممبئی میں، ۱۱؍جنوری بروز بدھ کو مسجد اہل حدیث گھاس بازار کورٹ باہر کلیان ویسٹ میں اور ۱۲ ؍جنوری کو مسجد رحمانیہ آزاد نگر بھائندر ایسٹ میں ان کے خطابات بعد نماز مغرب ہوئے تھے جنھیں یوٹیوب سے لائیو نشر کیا گیا تھا اور پھر ان کے ایڈٹ شدہ ویڈیو بھی چینل پر اپلوڈ کیے گئے تھے۔

شیخ ظفر الحسن مدنی صاحب نے مندرجہ بالا چاروں مساجد میں بالترتیب جن موضوعات پر خطاب کیے وہ ہیں: (۱) اللہ کے نزدیک پانچ قسم کے ناپسندیدہ لوگ(۲) صبر کی اہمیت وضرورت (۳) اولیاء الرحمن اور اولیاء الشیطان (۴)خیرامت اور ان کی ذمہ داریاں۔ ان اجتماعات سے ہزاروں لوگوں نے براہ راست استفادہ کیا۔ فللہ الحمد

کچھ اجتماعات ایسے بھی ہوتے ہیں جن کا اہتمام صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کے زیرسرپرستی اراکین مساجد کرتے ہیں۔ ۲۷؍فروری ۲۰۲۳ء کو بروز پیر بعد نماز مغرب تا عشاء ایک اصلاحی وتربیتی اجتماع کا انعقاد مسجد توحید دوستی شیل ممبرا میں ہوا تھا جس میں الغاط (سعودی عرب) سے تشریف لانے والے مہمان عالم دین فضیلۃ الشیخ مقصود الحسن فیضی حفظہ اللہ (موضوع: استقامت: وسائل وفوائد) اور مہاراشٹر کے شہر پونے سے تعلق رکھنے والے مشہور داعی شیخ ابوزیدضمیر حفظہ اللہ (موضوع: گھروں کی اصلاح میں خاتون خانہ کا رول) نے خطاب کیا تھا۔ یہ پروگرام بھی جمعیت کے یوٹیوب چینل پر لائیو نشر ہوا تھا۔ ابھی بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

ان سارے پروگراموں میں پوری ذمہ داری کے ساتھ شیخ عبدالسلام سلفی (امیر جمعیت) نے اپنے بعض احباب اور اسٹاف کے ساتھ شرکت کی اورمقامی منتظمین کی حوصلہ افزائی کے ساتھ صوبائی جمعیت اہل حدیث کی طرف سے ہر ممکنہ تعاون پیش کیا۔

اللہ رب العالمین ہم سب کو اس طرح کی اصلاحی کوششوں کا حصہ بننے، دعوتی اجتماعات میں شریک ہوکر علماء کرام سے دین سیکھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(از: نصیر رحمانی)

الکتب الجديدة
أخبار تراي الهلال
فيديو مميّز
دورۂ علمیہ میں رجسٹریشن کے لئے یہاں کلک کریں رجسٹریشن فارم