مطبوعات صوبائی جمعیت
صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کے کئی شعبوں میں سے ایک اہم شعبہ ’’شعبۂ نشر واشاعت اور تحقیق وتالیف‘‘ ہے، اس شعبے کے تحت مختلف اہم ترین موضوعات پر درجنوں کتابیں اب تک لکھی اور تیار کی جاچکی ہیں، نیز مختلف قسم کے دعوتی پمفلٹ، فولڈر اور کتابچے وغیرہ بھی تیار کئے گئے ہیں اور مزید کتابوں کے ترجمے، تالیف اور ترتیب کا کام بحمدللہ جاری ہے۔
ذیل میں صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کی مطبوعات آن لائن اور پی ڈی ایف میں مطالعہ کے لئے پیش کی جارہی ہیں۔
اس میں کوئی شک نہیں جادو، نظر اور حسداور ان سب کادوسروں پر اللہ کے حکم سےاثر انداز ہوجانا یہ عین حق اور درست بات ہے قرآن وسنت میں اس کاثبوت موجود ہے۔ قرآن مجید کے مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ جادو کا عمل مختلف انبیاء کے عہد میں جاری تھا ۔جیساکہ قرآن مجید کے مختلف مقامات پر سیدنا صالح، موسیٰ،سلیمان کےعہد میں جادو اورجادوگروں کاتذکرہ موجود ہے اور یہ موضوع انتہائی حساس ہے ۔ آج اس بنیاد پر بے شمار لوگوں نےاپنی مسندیں سجا رکھی ہیں۔ جادو کا توڑ کرنے اور جن نکالنے کے نام پر وہ سادہ عوام کا دین، عزت، مال سب کچھ لوٹ رہے ہیں ۔ بڑے بڑے نیکوکار لوگ بھی اس دھندے میں پڑ چکے ہیں۔جادو کرنا اورکالے علم کےذریعے جنات کاتعاون حاصل کر کے لوگوں کو تکالیف پہنچانا شریعتِ اسلامیہ کی رو سےمحض کبیرہ گناہ ہی نہیں بلکہ ایسا مذموم فعل ہےجو انسان کو دائرۂ اسلام سے ہی خارح کردیتا ہے اور اسے واجب القتل بنادیتا ہے ۔جادو اور جنات سے تعلق رکھنے والی بیماریوں کے علاج کےلیے کتاب وسنت کے بیان کردہ طریقوں سے ہٹ کر بے شمار لوگ شیطانی اور طلسماتی کرشموں کے ذریعے ایسے مریضوں کاعلاج کرتے نظر آتے ہیں جن کی اکثریت تو محض وہم وخیال کے زیر اثر خود کو مریض سمجھتی ہے ۔جادوکا موضوع ان اہم موضوعات میں سے ہے جن کا بحث وتحقیق اور تصنیف وتالیف کے ذریعے تعاقب کرنا علماء کےلیے ضروری ہے کیونکہ جادو عملی طور پر ہمارے معاشروں میں بھر پور انداز سے موجود ہے اور جادوگرچند روپوں کے بدلے دن رات فساد پھیلانے پر تلے ہوئے ہیں جنہیں وہ کمزور ایمان والے اور ان کینہ پرور لوگوں سے وصو ل کرتے ہیں جو اپنے مسلمان بھائیوں سے بغض رکھتے ہیں اورانہیں جادو کے عذاب میں مبتلا دیکھ کر خوشی محسوس کرتےہیں لہذا علماء کے لیے ضروری ہے کہ جادو کے خطرے او راس کے نقصانات کے متعلق لوگوں کوخبر دارکریں اور جادو کا شرعی طریقے سے علاج کریں تاکہ لوگ اس کے توڑ اور علاج کے لیے نام نہادجادوگروں عاملوں کی طرف رخ نہ کریں۔ لیکن بعض سلفی عاملین کا یہ عمل محل نظر ہے کہ انہوں نے رقیہ(دم) ،جن نکالنے کے عمل کو مستقل پیشہ بنالیا ہے۔ زیر نظر ایک مضمون بعنوان’’ رقیہ اور راقیوں سے متعلق اہم سوالات‘‘ ا س موضوع کے متعلق علامہ محدث ربیع بن ہادی المدخلی﷾ سے کیے گئے سوالات کے جوابات پر مشتمل ہے ۔ جناب محمد مقیم فیضی﷾ نے اسے اردو قالب میں ڈھالاہے ۔ روحانی معالجین و عاملین حضرات کے استفادے کے لیے کتاب وسنت سائٹ پر پبلش کیا گیا ہے ۔ (م۔ا)
امت مسلمہ پر اللہ رب العزت کابڑا حسان ہےکہ اس نے ایک طائفہ اور جماعت کےوجودکی خوشخبری دی اور قیامت تک اسکے وجود کی ضمانت فرمائی جو ہرجگہ اور ہرزمانے میں حق پر چلتے ہوئے حجت ودلیل سے لوگوں پر غالب رہے گئی وہ لوگ تھو ڑی ہی تعداد میں ہوں گے مگر حق۔ جسے نبی کریم ﷺ کتاب وسنت کی صورت میں چھوڑ کر دنیا سے رخصت ہوئے۔ کو سینے سے لگا کر دل ودماغ میں بسا کر اپنی زندگیاں گزاریں گے۔نبی کریمﷺ کی پیشن گوئی کے مطابق امت مسلمہ ہر طرف سے فتنوں میں گھری ہوئی ہےاور نبوی بشارت ہی کےمطابق صر ف ایک جماعت جو ’’ماأنا اليوم وأصحابي‘‘ کے منہج پر قائم ہے جسے نصوص کتاب وسنت اوراسلاف ا مت کی تحریروں میں جماعت اہل سنت وجماعت اہل حدیث ، فرقۂ ناجیہ، طائفہ منصورہ وغیرہ کےناموں سےیاد کیاگیا ہے کو چھوڑ کر بدقسمتی سے امت میں منتشر فرقے گروہ نت نئی ٹولیاں، احزاب اور جتھے انہی فتنوں کا نتیجہ ہیں ۔ زیرنظر کتاب ’’جدیدمناہج کی حقیقت (سوالات وجوابات)‘‘ شیخ صالح الفوزان کی اصلاح امت کے سلسلے کی عربی تصنیف الأجوبة المفيده عن أسئلة المناهج الجديدة کا ااردو ترجمہ ہے ۔یہ کتاب دور ِحاضر کےفتنوں بالخصوص عالمِ اسلام میں پھیلے ہوئےگمراہ فرقوں ، باطل افکار ونظریات ،منہج سلف کے مخالف مناہج واحزاب ہواپرستی، شبہات ،گمرہ گر ائمہ وقائدین وغیرہ سے متعلق 116 سوالات کےمدلل علمی اور بصیرت مندانہ جوابات پر مشتمل ہےجو عصر حاضر میں امت کے تمام ترطبقوں کی صحیح رہنمائی کےلیے کسی سنگ میل سے کم نہیں ہے ۔اس کتاب میں دو حاضر کے تمام فکری وتنظیمی ، حربی،اورتحریکی وسیاسی انحرافات کا مدلل جائزہ لیاگیا ہے۔متبع سنت کے لیے بہت ہی مفید کتاب ہے خصوصاً نوجوان جو صحیح فکر اور صحیح راستہ کی تلاش میں ہیں انہیں اس کتاب میں واضح منزل مقصود کار استہ ملے گا ۔ مولانا عنایت اللہ سنابلی صاحب نے کتاب کا نہایت فصیح اور سلیس اردو ترجمہ کیا ہے ۔اللہ تعالیٰ مرتب ومترجم اور ناشرین کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے امت مسلمہ کےلیے نفع بخش بنائے ۔(آمین)
رمضان المبارک اسلامی سال کا نواں مہینہ ہے یہ مہینہ اپنی عظمتوں اور برکتوں کے لحاظ سے دیگر مہینوں سے ممتاز ہے۔رمضان المبارک ہی وہ مہینہ ہےکہ جس میں اللہ تعالیٰ کی آخری آسمانی کتاب قرآن مجید کا نزول لوح محفوظ سے آسمان دنیا پر ہوا۔ ماہ رمضان میں اللہ تعالیٰ جنت کے دروازے کھول دیتا ہے او رجہنم کے دروازے بند کردیتا ہے اور شیطان کوجکڑ دیتا ہے تاکہ وہ اللہ کے بندے کو اس طر ح گمراہ نہ کرسکے جس طرح عام دنوں میں کرتا ہے اور یہ ایک ایسا مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ خصوصی طور پر اپنے بندوں کی مغفرت کرتا ہے اور سب سے زیاد ہ اپنے بندوں کو جہنم سے آزادی کا انعام عطا کرتا ہے۔رمضان المبارک کے روضے رکھنا اسلام کےبنیادی ارکان میں سے ہے نبی کریم ﷺ نے ماہ رمضان اور اس میں کی جانے والی عبادات ( روزہ ،قیام ، تلاوت قرآن ،صدقہ خیرات ،اعتکاف ،عبادت لیلۃ القدر وغیرہ )کی بڑی فضیلت بیان کی ہے ۔ کتب احادیث میں ائمہ محدثین نے کتاب الصیام کے نام سے باقاعدہ عنوان قائم کیے ۔ اور کئی علماء اور اہل علم نے رمضان المبارک کے احکام ومسائل وفضائل کے حوالے سے کتب تصنیف کی ہیں ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ صیام رمضان مختصر احکام و مسائل ‘‘ مولانا عنایت اللہ سنابلی مدنی صاحب کی کاوش ہے۔ جس میں رمضان المبارک کا لغوی و شرعی مفہوم، فرضیت اور رمضان المبارک کے متعلق ضروری مسائل واحکام کو قرآن واحادیث کی روشنی میں بیان کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ صاحب تصنیف و مترجم کی کاوشوں کو قبول فرمائے اور آخرت میں ان کی نجات کا ذریعہ بنائے ۔ (آمین)
حج بیت اللہ ارکانِ اسلام میں ایک اہم رکن ہے بیت اللہ کی زیارت او رفریضۂ حج کی ادائیگی ہر صاحب ایمان کی تمنا اور آرزو ہے ہر صاحب استطاعت اہل ایمان کے لیے زندگی میں ایک دفعہ فریضہ حج کی ادائیگی فرض ہے اور اس کے انکار ی کا ایمان کامل نہیں ہے اور وہ دائرہ اسلام سےخارج ہے اجر وثواب کے لحاظ سے یہ رکن بہت زیادہ اہمیت کاحامل ہے تمام كتب حديث وفقہ میں اس کی فضیلت اور احکام و مسائل کے متعلق ابو اب قائم کیے گئے ہیں اور تفصیلی مباحث موجود ہیں۔ حدیث نبویﷺ کہ آپ نے فرمایا الحج المبرور لیس له جزاء إلا الجنة’’حج مبرور کا ثواب جنت سوا کچھ اور نہیں ۔اس موضوع پر اب تک اردو و عربی زبان میں چھوٹی بڑی بیسیوں کتب لکھی جاچکی ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب’’حج و عمرہ کتاب وسنت کے آئینے میں ‘‘ سعودی عرب کے دعوت وتبلیغ اور نہی عن المنکر کے فعّال ادارے ’’جالیات ‘‘ کے دعوۃ سینٹر الجیل کے داعی و مبلغ مولانا مختار احمد مدنی حفظہ اللہ کی تالیف ہے اس میں مولانا موصو ف نے حج و عمرہ کےاحکام ومسائل اور اس کےمختلف مراحل میں ہونے والی غلطیوں کی بخوبی نشاندہی کی ہے۔